+450,000 زندگیوں کا تحفظ

++A ریٹنگ PACRA

برانچ لوکیٹر

نیچے دی گئی فہرست میں سے منتخب کریں۔

ایجنٹ کی تصدیق

adamjeelife insurance policy

ذہنی تندرستی

ذہنی آسودگی: ذہنی دباؤ اور اضطراب کم کرنے کی تدابیر

آج کی تیز رفتار دنیا میں ذہنی دباؤ اور اضطراب ہر عمر اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے ایک چیلنج کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ روزمرہ زندگی کے تقاضے ہوں یا اپنے ذاتی اور لوگوں کے پیدا کئے ہوئے مسائل کا دباؤ، یہ سب چیزیں ہماری ذہنی آسودگی میں خلل کا باعث بنتی ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ ایسی موثر تدابیر اور طریقے موجود ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے ہم لوگ ذہنی دباؤ اور اضطراب کو کم کر سکتے ہیں یا اسے قابو میں رکھ سکتے ہیں اور اس طرح ایک صحت مند اور زیادہ متوازن زندگی گزار سکتے ہیں۔

1. مراقبہ کی کیفیت طاری کرنا:

مراقبہ کی کیفیت طاری کرنا ایک ایسی مشق ہے جس میں آپ اپنی ساری توجہ لمحہ حاضر پر دیتے ہیں اور کسی چیز کے بارے میں کوئی رائے زنی نہیں کرتے۔ اس سے آپ کا حوصلہ بڑھتا ہے، آپ اپنی سوچ، محسوسات اور جذبات کا مشاہدہ کرتے ہیں اور انہیں قبول کرتے ہیں۔ اس عمل سے آپ کو راحت اور تسکین کا احساس ملتا ہے اور جذبات کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اگر آپ باقاعدگی کے ساتھ مراقبہ کی مشق کریں تو آہستہ آہستہ آپ کے جسم پر ذہنی دباؤ کا اثر کم ہونے لگتا ہے مثلاً دل کی دھڑکن تیز ہونے اور سانس اکھڑنے جیسے مسائل میں کمی آتی ہے۔ اس سے آپ کو اپنے جذبات کے مطابق ڈھلنے اور ہر طرح کے ذہنی دباؤ سے نکلنے میں مدد ملتی ہے۔

2. گہری سانس کی ورزشیں:

گہری سانس کی ورزشیں ذہنی دباؤ اور اضطراب پر قابو پانے کا سادہ لیکن انتہائی موثر طریقہ ہیں۔ جب آپ ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں تو آپ کی سانس اکھڑنے لگتی ہے اور اس میں تیزی آ جاتی ہے جس میں بے سکونی اور تناؤ کی کیفیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ گہری سانسیں لینے پر آپ آہستہ آہستہ اپنی سانس کو بحال کرتے ہیں، اور جسم میں سکون کی کیفیت بیدار ہونے لگتی ہے۔

گہری سانس کی ورزش کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ناک کے راستے سانس کو آہستہ آہستہ اندر لے کر جائیں، جیسے جیسے پھیپھڑوں میں ہوا بھرتی جائے پیٹ کو پھولنے دیں۔ پھر منہ کے راستے آہستہ آہستہ سانس باہر نکالیں تو ہر سانس کے ساتھ اندر کا تناؤ بھی نکلتا جاتا ہے۔ اس عمل کو اتنی بار دہرائیں کہ آپ کو سکون اور اطمینان محسوس ہونے لگے۔

3. باقاعدگی سے ورزش:

جسمانی سرگرمیاں ذہنی دباؤ کو کم کرنے کا ایک قدرتی طریقہ ہیں۔ جب آپ ورزش کرتے ہیں تو آپ کے جسم سے انڈورفین خارج ہوتے ہیں جو دراصل نیوروٹرانسمیٹرز ہیں جنہیں "اچھا محسوس کرانے والے" ہارمونز بھی کہا جاتا ہے۔ یہ انڈورفین آپ کے اندر جوش وخروش کا احساس پیدا کرتے ہیں اور ذہنی دباؤ اور اضطراب کے احساسات کو کم کرتے ہیں۔

باقاعدگی کے ساتھ ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں، ہفتے کے زیادہ تر دنوں میں کم سے کم 30 منٹ کی درمیانی سے سخت قسم کی سرگرمی کا ہدف ضرور پورا کریں۔ جاگنگ ہو یا تیراکی، یوگا ہو یا ڈانس، کوئی ایسا کام ضرور تلاش کریں جس سے ورزش آپ کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائے اور اسی طرح بنی رہے۔

4. صحت بخش عادات اپنائیں:

آپ کی غذا اور آپ کی عادات، یعنی آپ کا طرززندگی آپ کی ذہنی آسودگی پر بہت زیادہ اثر دکھاتا ہے۔ کیفین اور الکوحل کے بہت زیادہ استعمال سے اضطراب کی علامات مزید بگڑ سکتی ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ ان چیزوں کو محدود رکھیں اور متوازن غذا پر زور دیں جس میں ہر طرح کی چیزیں شامل ہوں جیسے پھل، سبزیاں، اناج، دالیں وغیرہ۔

نیند کے معاملے میں غفلت نہ برتیں۔ نیند کی کمی ذہنی دباؤ اور اضطراب کو شدید حد تک بڑھانے کا باعث بن سکتی ہے۔ اپنی نیند کا ایک شیڈول بنائیں، سونے کے لئے آرام دہ ماحول پیدا کریں اور پوری رات کا بھرپور آرام یقینی بنائیں۔

5. مدد لیں:

ذہنی دباؤ اور اضطراب پر قابو پانے کے لئے مدد لینامعمول کی بات ہے جس میں شرمانے والی کوئی بات نہیں۔ کسی قابل بھروسہ دوست، گھر کے فرد یا ذہنی صحت کے ماہر سے بات کریں تو آپ کو اپنی سوچ، محسوسات اور دل کی باتیں زبان پر لانے اور اندر کی بھڑاس نکالنے کا انتہائی مفید موقع مل جاتا ہے۔ اس سے آپ کی سوچ میں کشادگی پیدا ہوتی ہے اور جذباتی ریلیف ملتی ہے۔

مدد کرنے والے کئی گروپ موجود ہیں جو ملاقات کے ذریعے یا آن لائن آپ کا رابطہ ایسے لوگوں سے کراتے ہیں جو آپ جیسی کیفیت اور مشکلات سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ ایک دوسرے کو اپنی کیفیت اور اس پر قابو پانے کی تدابیر بتانے سے آپ کو سکون ملتا ہے اور آپ کے اندر طاقت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔

6. مشاغل اور آرام:

اپنے مشاغل میں وقت لگانا اور ذہن کو آرام دینے والے کام کرنا بھی ذہنی دباؤ اور اضطراب کو قابو میں رکھنے کا موثر طریقہ ہے۔ اپنے شوق کے مطابق اپنی دلچسپی والے کام کریں، چاہے یہ پینٹنگ ہو یا باغبانی، مطالعہ ہو یا موسیقی کا کوئی آلہ، یہ آپ کو زندگی کے جھمیلوں سے دور لے جاتے ہیں اور آپ کے اندر سکون کا احساس پیدا کرتے ہیں جس کی آپ کو اشد ضرورت ہے۔

اپنے لئے وقت نکالیں، ذہن کو آرام دینے والے طریقوں پر عمل کریں، مثلاً پٹھوں کو سکون دیں، یا اروماتھراپی باتھ لیں، اس سے آپ کو ذہنی سکون ملے گا اور راحت کا احساس پیدا ہو گا۔

7. اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں، اپنی حدود طے کریں:

اپنے وقت کا صحیح استعمال بھی ذہنی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، مثلاً اپنی ترجیحات کے مطابق ہر کام کا وقت مقرر کر لیں اور اپنے ذمے بہت زیادہ کام نہ لیں۔حقیقت پسندی سے کام لیتے ہوئے اپنے مقاصد اور اپنی حدود طے کرنا سیکھیں تاکہ آپ اپنے وقت اور توانائی کا بہترین استعمال کر سکیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنی حدود کو پہچانیں اور جہاں ضروری ہو، انکار کر دیں۔ اگر آپ اپنی حدود سے زیادہ کام کریں گے تو آپ نڈھال ہو جائیں گے اور ذہنی دباؤ کی کیفیت بڑھتی چلی جائے گی۔

قصہ مختصر، ذہنی آسودگی کے لئے لازم ہے کہ ذہنی دباؤ اور اضطراب کو قابو میں رکھیں۔ یہ وہ تدابیر ہیں جنہیں اپنا کر آپ اپنی زندگی میں ذہنی دباؤ اور اضطراب کو واقعی کم کر سکتے ہیں۔ انہیں اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیں کیونکہ اس سے آپ کی جذباتی قوت اور حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بہتر ہو گی، آپ کے ذہن پر جمی دھند کی کیفیت ختم ہو گی اور آپ ایک خوش وخرم اور متوازن زندگی گزار سکیں گے۔ یاد رکھیں، ذہنی دباؤ اور اضطراب کی کیفیت جب آپ کی ذات پر حاوی ہونے لگے یا عادت بننے لگے تو کسی ماہر سے ضرور مدد لیں۔

More Articles See all

Success

Thank you! Your booking is complete.

An email with your booking details have been sent to you.